خواجہ معین الدین حسن سَنجری یا سِجزی اور دیگر القابات کی تحقیق

خواجہ معین الدین حسن سَنجری یا سِجزی ؟

تحقیق وتحریر ✍ لقمان شاہد

ہندستان کے مشہور صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمہ اللہ کا نامِ پاک حسن ہے ، اور عوام وخواص آپ کو ” حسن سنجری ” کہتے ، لکھتے ہیں –

آپ کو سنجری کہنا ، لکھنا درست نہیں ؛ اصل لفظ سجز ( سِ جْ ز ) ہے ، جس کے ساتھ یائے نسبتی لگانے سے سِجزی بنا –

اِس کی وجہ یہ ہے کہ آپ رحمہ اللہ کا تعلق علاقہ ” سجز ” سے تھا ، جو کہ سجستان کامخفف اور سیستان کا معرب ہے –

(دیکھیے: مناقب الحبیب مترجم ، حاجی خواجہ نجم الدین ، م 1287 ھ ، ص 51 ، دارالاسلام لاہور )

{ ایک بات یاد رہے کہ:
مناقب الحبیب کا کچھ ماہ پہلے دارالاسلام سے ترجمہ چھپا ہے ، جس میں لفظ سجز کو کاتب نے سنجر کر دیا ہے ، جوکہ غلط ہے ؛ حضرتِ مصنف قدس سرہ نے با قاعدہ اس کا تلفظ اِن الفاظ میں لکھا ہے : سین مہملہ کی کسرہ ، جیم کے سکون اور رائے معجمہ – ( ص 51 )

مصنف نے راے معجمہ ، نقطے والے ز کو کہا ہے جسے کاتب ر سمجھتا رہا }

اِس علاقے سے منسوب کو ” سنجری ” کہنا بالکل غلط ہے ، درست سجزی ہے –

حافظ ابوبکر حازمی کہتے ہیں :
سجز ، سجستان کانام ہے ، جس سے منسوب سجزی کہلاتا ہے –

( انظر: تھذیب الاسماء واللغات ، امام نووی ، فصل فی اسماءالمواضع ، ج 3 ، ص 159 ، دارالکتب العلمیہ بیروت )

ثقہ مورخ علامہ یاقوت حموی م 626 ھ ، کہتے ہیں :
سجز کے سین پر زیر ، جیم ساکن اور آخر میں ز ہے………..اس سے منسوب سجزی کہلاتاہے –

( معجم البلدان ، ج 3 ، ص 189 ، دارصادر بیروت )

لہٰذا آپ کا نام پاک ہوا :

حضرت خواجہ معین الدین حسن سِجۡزِیۡ نوراللہ مرقدہ

☀️ خواجہ عثمان ہارونی یا ہرونی؟ ☀️

حضور خواجہ غریب نواز خواجہ معین الدین اجمیری کے مرشد گرامی ، خواجہ عثمان رحمہ اللہ کے متعلق فیض ملت مفتی فیض احمد اویسی قدس سرہ کہتے ہیں:

حضرت عثمان ہرونی ملک خراسان کے قصبہ ہرون میں پیداہوئے……….ہرونی کو لوگ ہارونی کہتے ہیں جوبالکل غلط ہے –

( حاشیہ: اخبارالاخیارمترجم ، طبقہ اول ، ص 86 ، زاویہ پبلشرز لاہور )

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x